گجرات: شہریت ترمیمی قانون کی تائید میں 42,000 پوسٹ کارڈس وزیراعظم مودی کو روانہ

,

   

وڈودرا(گجرات): بی جے پی کارکنوں نے وڈودرا ضلع میں چکر لگاتے ہوئے یہاں کے رہائشیوں سے شہریت ترمیمی قانون کی تائید میں تقریبا42ہزار پوسٹ کارڈس حاصل کئے۔ بی جے پی کارکنوں نے ایک ریالی کی شکل میں یہ پوسٹ کارڈس لے کر مقامی پوسٹ آفس پہنچے اور یہاں سے وزیر اعظم نریندر مودی کو روانہ کئے۔ رکن پارلیمنٹ رنجن بین اس ریالی کی سربراہ تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وڈودرا ضلع کے رہائشیوں کی جانب سے سی اے اے کی تائید میں ایک اچھا پیغام جارہا ہے اور یہاں کے لوگ وزیراعظم نریندر مودی جی کے کاموں سے بہت خوش ہیں۔

رنجن بین نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری پارٹی کے کارکنوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے بتایا کہ اگر آپ سی اے اے کی تائید کرتے ہیں تو پوسٹ کارڈس لکھیں۔ اس سلسلہ میں ہمیں 42 ہزار پوسٹ کارڈس موصول ہوئے۔ عوام میں کافی جوش و خروش دیکھاگیا۔“انہوں نے مزیدبتایا کہ تقریبا 20تا25 ہزار افراد نے ہم سے وعدہ کیا کہ وہ بعد میں اپنے پوسٹ کارڈس ہمارے حوالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وڈودرا کی عوام نریندر مودی جی کے ساتھ ہیں اور مودی جی کے کاموں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔