گجرات میںبارش سے تباہی، 8 افراد ہلاک

   

کئی زیر آب علاقوں سے رابطہ منقطع‘ سینکڑوں افراد محفوظ مقامات کو منتقل

گاندھی نگر: گجرات میں شدید بارش سے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ گئی اور ڈیموں سے پانی نکلنا شروع ہو گیا۔ ریاست کے کئی علاقے زیر آب آگئے اور کئی دیہاتوں کا دنیا سے روابط منقطع ہو گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بارش سے متعلقہ واقعات میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے اور 800 سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع میں صبح سے ہی موسلادھار بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے اور حکام کو بعض مقامات پر اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ کچھ علاقوں میں ریل خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ریاستی ریلیف کمشنر آلوک کمار پانڈے نے بتایا کہ 826 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ہم نے ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی 20 ٹیمیں اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 11 ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں تعینات کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے کئی اضلاع کے لیے جاری ریڈ الرٹ کے پیش نظر کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کے بعد بہت سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آنند کے ضلع مجسٹریٹ پروین چودھری نے کہا کہ زیر آب علاقوں میں پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوششیں کر رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ منگل کو سورت میں شدید بارش کی وجہ سے شہر پانی میں ڈوب گیا تھا اور کئی دیہاتوں کے روابط منقطع ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع میں 132 سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ ویسٹرن ریلوے حکام نے بتایا کہ 11 طویل فاصلے کی ایکسپریس ٹرینوں کے آپریشن کو دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے جبکہ وڈودرا ڈویڑن میں ایک ریلوے پل کے نیچے پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے چار مقامی مسافر ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ڈاؤن لائن پر ریل ٹریفک بحال کر دیا گیا۔

ممبئی میں پھرسے طوفانی بارش ٹرینیں منسوخ ،پروازیں متاثر
ممبئی : ممبئی میں پھر سے طوفانی بارش سے عام زندگی مفلوج،ٹرینیں منسوخ ، پروازیں متاثرہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات نے 25 جولائی کو کونکن، مدھیہ مہاراشٹرا میں الگ تھلگ علاقوں میں انتہائی شدید بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا تھا ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز، ممبئی نے مالیاتی دارالحکومت کے لیے یلو الرٹ جاری کیا تھا ۔ اس کے علاوہ تھانے ، پالگھر، پونے ، کولہاپور، ستارہ، رائے گڑھ، رتناگیری میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ۔ مدھیہ مہاراشٹر کے اضلاع میں گھاٹ علاقے کے الگ تھلگ مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے ۔پونے میں برقی شاک سے تین افراد ہلاک ہوگئے ۔
ممبئی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے بھاری بارش ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو ممبئی کے مضافات جیسے تھانے ، کلیان اور پالگھر میں شدید سے بہت زیادہ بارش ہوئی۔ کلیان، تھانے اور ملنڈ کے کئی حصے سیلاب میں ڈوب گئے ۔ جمعرات کے لیے بھی پیشین گوئی کی گئی تھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے ، تھانے کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا تھا، ممبئی کے لیے اورینج ، کلیان-ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن نے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ جمعرات کو غیر ضروری ہونے کی صورت میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔ بی ایم سی کی اطلاع کے مطابق تانسا جھیل، ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی جھیلوں میں سے ایک، آج سہ پہر 4:16 بجے کے قریب بہنے لگ گئی ۔ تانسہ ڈیم کے تین دروازے کھول دیے گئے ہیں،یہاں سے 3315 کیوسک کی شرح سے پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔ تانسا جھیل کی مکمل ذخیرہ کرنے کی گنجائش 14,508 کروڑ لیٹر ہے ۔