گجرات کانگریس نے 14 ایم ایل ایز جئے پور بھیج دیئے

   

Ferty9 Clinic

احمدآباد؍ جئے پور ، 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کانگریس نے 26 مارچ کے راجیہ سبھا انتخابات سے قبل سودے بازی کے اندیشوں کے درمیان اپنے ایم ایل ایز کو ریاست سے باہر بھیجنا شروع کردیا ہے، اور لگ بھگ 14 لیجسلیٹرز کا پہلا بیاچ ہفتہ کی شب جئے پور پہنچ چکا ہے۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ پارٹی ایم ایل ایز کا ایک اور بیاچ اتوار کو راجستھان کے دارالحکومت کو پہنچ جانے کا امکان ہے۔ کانگریس نے اپنے ایم ایل ایز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسمبلی سیشن جاری ہے۔ بی جے پی نے راجیہ سبھا کیلئے تین امیدوار کھڑے کئے ہیں حالانکہ اسمبلی میں اس کی عددی طاقت کے مطابق چار میں سے صرف دو نشستیں ہی وہ جیت سکتی ہے۔ کانگریس سے دو امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کردیئے ہیں۔ راجستھان اسمبلی میں کانگریس کے چیف وہپ مہیش جوشی اور ڈپٹی چیف وہپ مہیندر چودھری نے گجرات ایم ایل ایز کا جئے پور ایئرپورٹ پر استقبال کیا اور انھیں بس کے ذریعے جئے پور۔ دہلی ہائی وے پر واقع ریزارٹ لے گئے۔ مدھیہ پردیش کے کانگریس ایم ایل ایز راجستھان کے دو تفریح گاہوں میں پہلے سے مقیم ہیں جبکہ وہاں پارٹی میں بغاوت نے پارٹی حکومت کی بقاء کیلئے خطرہ پیدا کررکھا ہے۔