روزانہ 12.4 لاکھ بیارل خام تیل کی صفائی، وینزویلا اور ساؤتھ کوریا میں بھی ریفائنریز کی موثر کارکردگی
حیدرآباد ۔5 ۔ جون (سیاست نیوز) تیل کی خریدی میں ہندوستان بھلے ہی دیگر ممالک پر انحصار کرتا ہو لیکن آئیل ریفائنری میں ہندوستان کو دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے۔ دنیا بھر میں خام تیل کی صفائی کے معاملہ میں گجرات کے جام نگر میں واقع آئیل ریفائنری دنیا کی سب سے بڑی ریفائنری میں شمار کی جاتی ہے جہاں روزانہ 1.24 ملین بیارل خام تیل کی صفائی کی جاتی ہے ۔ دنیا کی 10 بڑی آئیل ریفائنریز کی تفصیلات جاری کی گئیں جن میں گجرات کے جام نگر کے ریفائنری کامپلکس کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ آئیل ریفائنریز دنیا بھر میں ایندھن اور پٹرولیم پراڈکٹس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ مختلف ممالک سے خام تیل حاصل کرنے کے بعد جام نگر کی ریفائنری میں اس کی صفائی کی جاتی ہے اور ہندوستان میں ایندھن کی طلب کو پورا کیا جاتا ہے۔ روزانہ 12.40 لاکھ بیارل خام تیل کی ریفائنری کی صلاحیت میں دنیا بھر میں ہندوستان کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ آئیل ریفائنریز کے معاملہ میں وینزویلا دوسرے جبکہ ساؤتھ کوریا تیسرے نمبر پر ہے۔ وینزویلا تیل کی پیداوار میں دیگر ممالک سے آگے ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے وینزویلا کے تیل کے ذخائر میں کنٹرول حاصل کرنے کیلئے حال ہی میں وہاں کے صدر کو فوجی کارروائی کے ذریعہ اپنی تحویل میں لے لیا۔ وینزویلا کی ریفائنری میں روزانہ 9.55 لاکھ بیارل تیل کی صفائی کی صلاحیت موجود ہے۔ جن ممالک میں آئیل ریفائنریز کو عالمی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے ، ان میں ساؤتھ کوریا کی تین ریفائنریز کے علاوہ نائجیریا ، امریکہ ، سنگا پور اور سعودی عرب کی ریفائنریز شامل ہیں ۔ خام تیل کی خریدی کے بعد ریفائنریز کے ذریعہ ایندھن اور پٹرولیم اشیاء کی تیاری میں مدد ملتی ہے۔ خام تیل کی خریدی معاملہ میں امریکہ نے ہندوستان پر بعض پابندیاں عائد کی ہیں اور اسے روس اور ایران سے خام تیل کی خریدی سے روک دیا ہے۔1/k/m/b