گجویل میں دس دنوں میں تین افراد ڈینگو سے فوت

   

حلقہ سے چیف منسٹر کی نمائندگی خوش قسمتی یا بد قسمتی ؟

گجویل ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ گجویل کے کونڈہ پاک منڈل میں ڈینگو بخار کی وباء سے ایک نوجوان فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب کونڈہ پاک منڈل مستقر کا رہنے والا 18 سالہ سرینواس گزشتہ چار پانچ دنوں سے شدید بخار میں مبتلا ہونے پر افراد خاندان نے سدی پیٹ ضلع ایریا ہاسپٹل کو منتقل کیا ۔ ڈاکٹروں نے بعد تفتیش گاندھی ہاسپٹل روانہ کردیا ، مگر دوران علاج سرینواس آج فوت ہوگیا ۔ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق سرینواس ڈینگو بخار کی وباء میں مبتلا پایا، اس کی خبر پاتے ہی ضلع کوآپریٹیو بینک چیرمین دیویندر ریڈی اور مقامی سرپنچ مادھوری نے متوفی کے گھر پہنچ کر افراد خاندان کو پرسہ دیا اور دس ہزار روپیوں کی مدد کی ۔ اس طرح گریٹر حیدرآباد جاگرتی صدر مسٹر پرشانت نے پانچ ہزار روپیوں کی مدد کرنے کے علاوہ افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے مزید امداد دلوانے کا تیقن دیا ۔ واضح رہے کہ اندرون دس دن حلقہ گجویل میں تین افراد اس ڈینگو بخار کی وجہ سے فوت ہو گئے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ قبل مستقر گجویل کے رہنے والا 31 سالہ جی وینکٹیش اس ڈینگو بخار کی بناء فوت ہوگیا ۔ اسی طرح حلقہ گجویل کے جگدیو پور منڈل کے موضع گولا پلی کی رہنے والی کمسن طالبہ سپنا گزشتہ دس دن قبل اس ڈینگو بخار میں مبتلا ہوکر فوت ہوگئی ۔ یہاں یہ کہنا بے محل نہ ہوگا کہ اس حلقہ گجویل سے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر را ؤ نمائندگی کرتے ہیں۔ کیا اس حلقہ گجویل کے عوام کی خوش فہمی ہے یا بدقسمتی یہ تو اس حلقہ کے عوام ہی جانیں ؟