گرام سوراج ابھیان اسکیم میں 2025 تک توسیع

   

نئی دہلی: ملک کے دیہی علاقوں میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے ‘ راشٹریہ گرام سوراج ابھیان’ اسکیم کو سال 2025 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔بدھ کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میںتجویز منظور کر لی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ راشٹریہ گرام سوراج یوجنا کی مدت چار سال یعنی گزشتہ یکم اپریل سے 31 مارچ 2025 تک بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے لیے مختص 5900 کروڑ روپے میں سے 3700 کروڑ روپے مرکزی حکومت اور 2211 کروڑ روپے ریاستی حکومتیں خرچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ گرام سوراج ابھیان کے بجٹ میں 60 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ٹھاکر نے کہا کہ اس اسکیم سے ملک کے دو لاکھ 78 ہزار مقامی اداروں کو پائیدار ترقی کا نشانہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم میں جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے گا جس سے استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 36 لاکھ لوگوں کو تربیت دی گئی ہے اور اب مزید ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔