ایک ہی دن میں 9,990 بلس کو ریونت ریڈی حکومت نے کلیئر کردیا
حیدرآباد۔ 22 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے گرام پنچایتوں کو خوشخبری دی ہے۔ زیرالتواء تقریباً 10 ہزار بلس کو ایک ہی دن میں 153 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے ادا کردیا۔ گرام پنچایتوں کو مختلف کاموں کی انجام دہی کے بعد گزشتہ چند سال سے بلس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بقایاجات میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اس تناظر میں ریاستی حکومت نے تمام بقایاجات کو ادا کردیا ہے۔ 2024ء تک زیرالتواء اندرون 10 لاکھ روپئے کے بلس کو ترجیحی بنیاد پر ایک ہی مرحلے میں جاری کردیا گیا ہے جس سے ایک ہی دن میں تقریباً 9,990 بلس کو کلیئر کردیا گیا ہے۔ زیرالتواء بلس کے علاوہ اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈ (SDF) کے تحت کئے گئے کاموں کیلئے بھی حکومت نے 85 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ سڑکوں کی تعمیر، ڈرینج نظام کو بہتر بنانے، بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ان فنڈس کو استعمال کیا جائے گا۔ سابق حکومت نے ایس ڈی ایف کے فنڈ مقررہ وقت پر جاری نہ کرنے کی وجہ سے کئی کام ادھورے رہ گئے تھے جس سے دیہاتوں میں ترقیاتی کام ڈھپ ہوچکے تھے۔ وقت پر بلس کی عدم اجرائی سے کنٹراکٹرس صاف صفائی اور دیگر ترقیاتی کاموں میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے جس سے کئی سرپنچ مقروض ہوگئے تھے۔2