12,733 کے منجملہ 7010 سرپنچ نشستوں پر کانگریس کی کامیابی، 3502 نشستوں کے ساتھ بی آر ایس دوسرے مقام پر
بی جے پی صرف 688 سرپنچوں تک محدود، آزاد و دیگر امیدواروں کی 1505 نشستوں پر کامیابی
حیدرآبا د۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تین مرحلوں میں منعقدہ گرام پنچایت انتخابات کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں جن میں حکمران کانگریس جماعت نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ 12,733 گرام پنچایتوں کیلئے ہونے والے ان انتخابات میں کانگریس نے مجموعی طور پر 7010 سرپنچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ بی آر ایس نے 3502 نشستیں جیت کر دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ بی جے پی سے زیادہ آزاد و دیگر امیدواروں نے بھی خاطرخواہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 1505 نشستیں اپنے نام کرلئے جبکہ بی جے پی صرف 688 سرپنچ نشستوں تک محدود رہی۔ یہ انتخابات ریاست بھر میں 14-11 اور 17 ڈسمبر کو تین مرحلوں میں منعقد کئے تھے۔ تینوں مرحلوں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔ پہلے مرحلہ میں کانگریس نے 2425، دوسر مرحلہ میں 2,299 اور تیسرے مرحلہ میں 2,286 سرپنچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے مقام پر رہنے والی اصل اپوزیشن بی آر ایس نے پہلے مرحلہ میں 1168، دوسرے مرحلہ میں 1192 اور تیسرے مرحلہ میں 1142 سرپنچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ تیسرے مقام پر رہنے والی قومی جماعت بی جے پی نے پہلے مرحلہ میں 189، دوسرے مرحلہ میں 257 اور تیسرے مرحلہ میں 242 سرپنچ نشستوں پر کامیابی درج کی ہے جبکہ آزاد و دیگر امیدواروں نے پہلے مرحلہ میں 448، دوسرے مرحلہ میں 578 اور تیسرے مرحلہ میں 479 سرپنچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے چونکا دینے والی کامیابی درج کی ہے۔ گرام پنچایت کے انتخابات میں سوائے چند چھوٹے موٹے واقعات کے مجموعی طور پر انتخابات پرامن منعقد ہوئے۔ دیہی علاقوں میں ووٹروں کے جوش و خروش اور بھاری تعداد میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے جس کی وجہ سے یہ انتخابات سیاسی اعتبار سے کافی اہم ہوگئے ہیں۔2
