گرانائیٹ کی کانکنی کے خلاف سرکاری محکمہ جات کو ہائی کورٹ کی نوٹس

   

حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کریم نگر ضلع میں گرانائیٹ کی کانکنی کے نتیجہ میں ماحولیات کو خطرہ کے خلاف داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس راؤ پر مشتمل بنچ نے محکمہ جات کانکنی و ماحولیات کے پرنسپل سکریٹریز، ممبر سکریٹری پولیوشن کنٹرول بورڈ اور کلکٹر ضلع کریم نگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے موقف کی وضاحت کرنے کی ہدایت دی۔ مفاد عامہ کی درخواست میں شکایت کی گئی کہ گرانائیٹ کی کانکنی سے ماحولیات کو خطرہ کے باوجود حکام خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کریم نگر کے ایک شہری کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کردیا اور حکام کو اندرون تین ہفتے جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کریم نگر کے کوتہ پلی منڈل میں گرانائیٹ کی مائننگ کے نتیجہ میں ہوا اور پانی آلودہ ہورہے ہیں اور عوام کی صحت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔1