گراہک کی شکل میں زیورات لوٹنے والی شاطر ٹولی کا پردہ فاش

   

چار افراد بشمول تین خواتین گرفتار، ڈی سی پی سریش کمار کا بیان
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) گراہک کی شکل میں زیورات لوٹنے والی ایک شاطر ٹولی کا پولیس نے پردہ فاش کردیا اور 4 افراد بشمول تین خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ اس ٹولی کے دو ارکان جن میں ایک خاتون شامل ہے مفرور بتائے گئے ہیں۔ جگت گیری گٹہ پولیس نے ایک کارروائی میں اس ٹولی کو بے نقاب کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس بالانگر زون سریش کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بی دینااماں ، بی ناگیندراماں ، وینکٹ راؤ اماں اور اشوک کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جبکہ بی گنانماں اور بی وینکٹا پتی مفرور ہیں ۔ ان تمام کا تعلق مدیرا کھمم سے پایا جاتا ہے ۔ پولیس نے ان کی گرفتاری سے 5 مقدمات کو حل کرلیا جن میں تین واردتیں انہوں نے جگت گیری گٹہ پولیس حدود میں انجام دی تھیں ۔ جبکہ ایک جیڈی میٹلہ اور ایک چیتنیہ پوری پولیس حدود میں انجام دیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ جرائم کو انجام دینے کیلئے استعمال کی جارہی ایک کار کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی کے مطابق چار خواتین اور دو مرد افراد دو ٹیموں کی شکل میں تقسیم ہوکر واردات انجام دیتے تھے ۔ کار میں زیورات کی دوکان کو پہونچنے اور مالکین دکان کو یہ باور کروایا کرتے تھے کہ وہ خریدار ہیں ۔ دو خواتین اور ایک مرد اس طرح دو گروپس کی شکل میں خریداری کا ڈھونگ کرتے تھے ۔ جب سیلز مین انہیں زیورات بتایا کرتا تھا تب اس کی توجہ کو ہٹاکر اصل زیور سرقہ کرنے کے بعد اس کی جگہ نقلی زیورا رکھ دیا کرتے تھے ۔ اس طرح سے یہ ٹولی توجہ ہٹاکر زیورات کی دوکانات میں سرقہ کرتی تھی ۔ جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ع