برسلز: یورپ کے کئی ملکوں میں کورونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ اس دوران بارسلونا کے سانتا انا چرچ نے شہر کے مسلمانوں کے لیے اپنے کلوئسٹرز کو افطاری اور تراویح کی نماز ادا کرنے کے لیے کھول دیا ہے۔اسپین کے شہر بارسلونا کے ایک گرجا گھر نے مذہبی رواداری کی مثال قائم کرتے ہوئے مسلم افراد کو اپنی محراب دار چھت کے علاقے کو استعمال کرنے کا موقع دیا ہے۔ پچاس سے ساٹھ کے درمیان مسلمان بارسلونا کے سانتا انا چرچ کے کلوئسٹرز میں پہنچ کر ہر شام افطاری کرتے ہیں اور پھر عبادت کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ کسی گرجا گھر میں محراب دار چھت کے نیچے والے حصے کو کلوئسٹرز کہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آنے والے مسلمانوں کو کورونا لاک ڈاؤن ضوابط کا احترام بھی کرنا ہوتا ہے۔ ان افراد میں زیادہ تر مسلمان وہ ہیں جو بیروزگار ہیں۔ افطاری کے لیے مسلمان خاندانوں کی جانب سے رضا کارانہ طور پر گھر کا پکا ہوا لذیذ کھانا پیش کیا جاتا ہے۔
