گرونانک کے 550 ویں یوم پیدائش پر امریکی قرارداد

   

واشنگٹن۔ 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سطحی امریکی سینیٹر نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اکال تخت جتھیدار کو کانگریشنل قرارداد کی ایک خصوصی نقل روانہ کررہے ہیں جسے خود انہوں نے (سینیٹر) تحریر کیا ہے جو سکھ مت کے بانی گرونانک دیوجی کے 550 ویں یوم پیدائش تقریبات کا حصہ ہوگا۔ مذکورہ قرارداد کو امریکی سینیٹ نے اتفاق رائے سے 14 نومبر کو منظور کیا تھا جس میں امریکی سکھوں کے تعاون اور قربانیوں کے علاوہ دنیا کے دیگر حصوں میں ان کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ مذکورہ قرارداد کے لئے معاونین میں سینیٹرس ٹو ڈینگ اور بین کارڈین نے بھی اہم رول ادا کیا۔ انڈیانا میں اس قرارداد کی نقل کو امریکی سکھ گریندر سنگھ خالصہ کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر ٹوڈینگ نے کہا کہ ہم قرارداد کی نقل جتھیدار اکال تخت اور شرومتی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر کو روانہ کررہے ہیں۔