ضلع محبوب نگر میں 111 امتحانی مراکز ، جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
محبوب نگر /28 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یکم جولائی کو منعقد شدنی گروپ 4 امتحانات میں کسی قسم کا تساہل اور لاپرواہی ہرگز نہ برتی جائے ۔ ضلع کلکٹر جی روی نائیک نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ منگل کی شام کلکٹریٹ کے ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں جن عہدیداروں کو خدمات تفویض کی گئی ہے وہ مکمل چوکسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں ۔ ٹی پی پی ایس سی نے امتحانات کیلئے جو ضابطہ مقرر کئے ہیں ۔ اس پر بہرحال عمل آوری کی جائے ۔ انہوں نے پابند کیا کہ امتحانی مراکز میں سی سی کیمرے نصب کریں ۔ جہاں نصب نہ ہوں 29 جون تک نصب کرلئے جائیں ۔ تمام کمروں میں گھڑی کا نظم کیا جائے ۔ امیدواروں کو بنیادی ضروریات جیسے پینے کا پانی ، برقی ، فرسٹ ایڈ کی سہولتیں فراہم کریں ۔ امتحانات 2 مرحلوں میں صبح 10 تا 12.30 اور شام 2.30 تا 5 بجے ہوں گے ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ 111 مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ جس میں 34459 امیدوار شرکت کریں گے ۔ جس کیلئے 111 چیف سپرنٹنڈنٹس 111لائزن آفیسرس اور 20 بوتھ آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے ۔ امیدواروں کو امتحان کا وقت مکمل ہونے کے بعد ہی مرکز کے باہر جانے کی اجازت ہوگی ۔ ایڈیشنل کلکٹر ستیا راما راؤ نے کہا کہ امتحانات کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں ۔ مراکز کے اطراف زیراکس دکانات بند رکھی جائیںگی اور دفعہ 144 نافذ رہے گا ۔ اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداران موجود تھے ۔