چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کا X اکاؤنٹس پر پیغام
حیدرآباد۔7۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹرتلنگانہ اے ریونت ریڈی نے گروپ Iکے نتائج کے اعلان کے بعد اپنے X اکاؤنٹ کے ذریعہ مین امتحانات کے لئے اہل قرار دیئے جانے والے طلبہ کو نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے منعقدہ گروپ Iکے پریلمنری امتحانات کے نتائج کے اعلان کے بعد ریاست بھر سے جملہ 31ہزار382امیدوار مین امتحانات کے لئے اہل قرار پائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے ان اہل امیدواروں کے لئے 21تا27 اکٹوبر 2024کے دوران مین امتحانات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔کامیاب امیدوارو ں کو ان کے مین امتحانات کے لئے چیف منسٹر نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اس کی تیاری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اپنے X اکاؤنٹ کے ذریعہ دیئے گئے پیغام میں ابتدائی امتحان میں ناکام ہونے والے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اس ناکامی سے مایوس نہ ہوں حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لئے متعدد مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور آئندہ منعقد ہونے والے دیگر امتحانات میں وہ کوشش کرسکتے ہیں۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ مسلسل کوشش کرتے رہیں کیونکہ زندگی جہد مسلسل کا نام ہے اور کامیابی تک اس بات کی کوشش کی جانی چاہئے ۔3