گروہا لکشمی اسکیم کیلئے آج آخری تاریخ، ہر اسمبلی حلقہ میں 3 ہزار افراد کی مدد

   

دوسرے مرحلہ میں مزید درخواستوں کی یکسوئی، مکان کیلئے کھلی اراضی پر3 لاکھ کی امداد: پرشانت ریڈی
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے وضاحت کی ہے کہ حکومت کی گروہا لکشمی اسکیم جاریہ اسکیم ہے اور کسی بھی مستحق کو محروم نہیں رکھا جائے گا۔ گروہا لکشمی اسکیم کے پہلے مرحلہ کے تحت 10 اگسٹ تک درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں اپوزیشن کی جانب سے پروپگنڈہ کیا جارہا ہے کہ حکومت اسکیم کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 10 اگسٹ تک درخواستیں طلب کی جارہی ہیں جبکہ اس کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر دوسرے مرحلہ میں غور کیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ عوام مقامی عوامی نمائندوں کے ذریعہ ضلع کلکٹرس کو درخواستیں روانہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ کے تحت 3 ہزار مکانات کیلئے امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر غریب خاندانوں کو مکانات کی فراہمی کے مقصد سے امدادی اسکیم شروع کی گئی۔ پرشانت ریڈی کے مطابق20 اگسٹ تک پہلے مرحلہ کی درخواستوں کی جانچ کا عمل مکمل کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 اگسٹ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں کو دوسرے مرحلہ میں شامل کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر کی نگرانی میں درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے مستحق افراد کا انتخاب کیا جائے گا۔ ضلع کے انچارج وزیر کی منظوری سے استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کی جائے گی۔ مقامی عوامی نمائندوں کو بعض اضلاع میں 15 اگسٹ تک درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل کرتے ہوئے فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پرشانت ریڈی کے مطابق خواتین کے نام پر گروہا لکشمی اسکیم کی امداد جاری کی جائے گی۔ مقامی افراد کو اپنی شناخت کیلئے آدھار یا ووٹر آئی ڈی پیش کرنا ہوگا۔ درخواست گذاروں کے پاس مکان کیلئے کھلی اراضی ہونی چاہیئے۔ استفادہ کنندہ یا پھر خاندان کے کسی فرد کے نام پر خصوصی راشن کارڈ ہونا چاہیئے۔ امیدواروں کو کسی سرکاری بینک میں اپنا کھاتہ کھولنا چاہیئے۔ پرشانت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مکان نمبر کے بغیر کھلی اراضی پر امداد کیلئے درخواست داخل کی جاسکتی ہے۔