گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کیلئے ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کا آغاز

   


کھمم نشست کیلئے راجیشور ریڈی امیدوار، وزیر ٹرانسپورٹ نے انتخابی مہم میں حصہ لیا
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے اگرچہ گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کیلئے اعلامیہ جاری نہیں کیا لیکن برسر اقتدار ٹی آر ایس نے کھمم ، نلگنڈہ اور ورنگل اضلاع پر مشتمل نشست کیلئے انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین پی راجیشور ریڈی اس حلقہ کیلئے ٹی آر ایس کے امیدوار ہوں گے ۔ پارٹی کی جانب سے کھمم کے مختلف علاقوں میں راجیشور ریڈی کی تائید میں جلسوں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے گریجویٹس سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کریں کیونکہ ٹی آر ایس حکومت بیروزگار نوجوانوں اور سرکاری ملازمین کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے ۔ رکن اسمبلی راجیشور ریڈی ، سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ وزیر ٹرانسپورٹ نے وائرہ اسمبلی حلقہ میں گریجویٹس کے جلسوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کیڈر کو چاہئے کہ وہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا مقابلہ کریں اور عوام کو حقائق سے واقف کرایا جائے ۔ ریاستی حکومت ملازمین کے حق میں کئی اسکیمات کا آغاز کرچکی ہے۔ کھمم ضلع میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پر بھاری فنڈس خرچ کئے گئے لیکن اپوزیشن جماعتیں ترقیاتی سرگرمیوں کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ پی اجئے کمار نے کہا کہ بی جے پی دوباک ضمنی چناؤ میں اپنی اتفاقی کامیابی کو لے کر بلند بانگ دعوے کر رہی ہے ۔ بی جے پی قائدین نے ٹی آر ایس اور اس کے قائدین کے خلاف بے بنیاد الزامات کی مہم شروع کی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کھمم ضلع سے ٹی آر ایس کی کامیابیوں کا احیاء عمل میں آئے گا ۔ ایم ایل سی راجیشور ریڈی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی امیدوار کی کامیابی کیلئے سرگرم ہوجائیں ۔ موجودہ ایم ایل سی اور رعیتو بندھو سمیتی کے کنوینر راجیشور ریڈی نے کہا کہ حکومت عنقریب 50 تا 60 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کرے گی ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام نے جو توقعات وابستہ کی ہیں ، انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری محکمہ جات میں 1.31 لاکھ جائیدادوں پر بھرتی کی گئی جبکہ 2.11 لاکھ روزگار کے مواقع آئی ٹی شعبہ میں فراہم کئے گئے ۔ کھمم میں 200 سے زائد خاندانوں نے ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کا اعلان کیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور دیگر قائدین نے مارننگ واک میں شامل افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی نے حیدرآباد رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ نشست کے لیے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ اس حلقہ میں ٹی آر ایس کو بی جے پی کے موجودہ ایم ایل سی رامچندر راؤ سے سخت مقابلہ درپیش ہوگا ۔