گریجویٹ کوٹہ کونسل نشست کی ووٹر لسٹ

   

فرضی ڈگری سے نام درج کروانے پر سخت کارروائی ہوگی
حیدرآباد۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی گریجویٹ نشست کیلئے جعلی دستاویزات کے ذریعہ ووٹرلسٹ میں نامو ںکا اندراج کروانے والوں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے کاروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے محکمہ پولیس اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس میں جعلی ڈگریوں اور تعلیمی دستاویز ات کا تذکرہ چھڑنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ گریجویٹ نشست کیلئے ووٹر کی حیثیت سے ناموں کا اندراج کروانے والوں کے خلاف پولیس سخت کاروائی کریگی ۔ بتایاجاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس ناموں کی شمولیت کیلئے داخل کی جانے والی درخواستوں کا جائزہ لینے اور تنقیح کا کوئی میکانزم نہ ہونے کے سبب اب تک ایسے کئی نام گریجویٹ فہرست میں شامل کئے جاچکے ہیں۔چیف الکٹورل آفیسر ششانک گوئل نے بتایا کہ ریاست بھر میں جہاں گریجویٹ ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کا عمل جاری ہے اور جو آن لائن درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں ان کی تنقیح کو یقینی بنایا جائیگا اور اس بات کا جائزہ لیا جائیگا کہ آیا کسی نے جعلی دستاویزات سے فہرست میں اپنے نام تو شامل نہیں کروائے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جن گریجویٹس نے فرضی دستاویزات کا سہارا لیا ہے ہے انکے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔انہو ںنے کہا کہ کمیشن کی جانب سے آن لائن داخل کی جانے والی تمام درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی نام کا اندراج کیا جائے گا۔