چنئی، 15 اپریل (یو این آئی) پانچ مقابلے، ایک بھی کامیابی نہیں اور بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے والے میچ سے حاصل ہونے والا محض ایک پوائنٹ۔ لکھنؤ سوپر جائنٹس کے خلاف آخری گیند تک جانے والے مقابلے کو چھوڑکر، کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) آئی پی ایل2026 میں اب تک کسی بھی میچ میں جیت کی دعویدار نظر نہیں آئی ہے ۔ٹیم کا فاسٹ بولنگ شعبہ کمزور پڑ چکا ہے دو اہم اسپنرز میں سے ایک فارم میں نہیں ہے ، اور بیٹنگ میں جارحانہ انداز کا فقدان ہے ۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ نے چنئی سوپرکنگز کے خلاف شکست کے بعد ٹیم کی حکمتِ عملی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مشکوک قراردیا ہے ۔ فنچ نے کہاکے کے آر کی کارکردگی قطعی طور پر اچھی نہیں تھی۔ خاص طور پر رنزکے تعاقب کے دوران ان کے فیصلے بہت عجیب تھے ۔ ہم نے سنیل نارائن کو ٹاپ آرڈر میں بھیجنے کی تعریف کی، حالانکہ وہ ناکام رہے(17گیندوں پر24 رنز)، لیکن کم ازکم انہوں نے کچھ الگ کرنے کی کوشش توکی۔ فنچ نے اجنکیا رہانے اور انگکرش رگھونشی کی شراکت داری (31گیندوں پر50 رنز) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی اثر انگیزی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا وہ مخالف ٹیم کے کپتان پر دباؤ نہیں ڈالتے اور نہ ہی بولروں کے خلاف کوئی خطرہ مول لیتے ہیں، جس کی وجہ سے مخالف کپتان کوکسی سنجیدہ تبدیلی کے بارے میں سوچنا ہی نہیں پڑتا۔E
ٹیم میں نظم و ضبط کیلئے گمبھیر ضروری:مناف پٹیل
نئی دہلی، 15اپریل (یو این آئی) سابق کرکٹر مناف پٹیل نے ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سچ بولتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ انہیں پسند نہیں کرتے ۔مناف پٹیل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر گوتم گمبھیر کو کوچ کے عہدے سے ہٹایا گیا تو ٹیم کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گمبھیر ایک مخلص اور سچے انسان ہیں جو بات کو سیدھا اور واضح انداز میں کہتے ہیں، لیکن یہی انداز بہت سے لوگوں کو ناگوار گزرتا ہے ۔مناف پٹیل کے مطابق گوتم گمبھیر ٹیم کے اندر نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں -E