گریٹر بلدی انتخابات میں کم رائے دہی کیلئے سیاسی جماعتیں ذمہ دار

   

وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار کو برطرف کیا جائے، سی پی آئی قومی سکریٹری نارائنا کا مطالبہ
حیدرآباد: سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں رائے دہی سے عوام کی عدم دلچسپی کو سیاسی جماعتوں سے ناراضگی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بلدی انتخابات کے مقابلہ اس مرتبہ رائے دہی کا فیصد انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے لئے عوام کو قصوروار ٹھہرانا غلط ہے ۔ عوام رائے دہی میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں لیکن سیاسی جماعتوں نے انحراف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کی اہمیت کو گھٹادیا ہے ۔ عوام تکلیف اٹھاکر جس امیدوار کو منتخب کرتے ہیں، وہ کسی اور پارٹی میں شامل ہوجاتا ہے اور عوام کے توقعات ادھوری رہ جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رائے دہندوں نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ۔ کئی مقامات پر رائے دہندوں کو یہ سوال کرتے ہوئے دیکھا گیا کہ ہم کیوں ووٹ دیں ۔ محنت سے ووٹ دینے کے باوجود عوامی نمائندہ کل کس پارٹی میں رہے گا گیارنٹی نہیں ہے۔ نارائنا نے کہا کہ انحراف کی حوصلہ افزائی نے عوام کے دلوں میں الیکشن اور سیاسی جماعتوں دونوں کے بارے میں مایوسی پیدا کردی ہے۔ ناراضگی کے جذبہ کے تحت لوگ گھروں سے نکلنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ سی پی آئی قائد نے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کو کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ رائے دہی کے موقع پر پابندی کے باوجود وزیر ٹرانسپورٹ کوکٹ پلی علاقہ میں پولنگ بوتھ کے پاس نظر آئے۔ عوام کی جانب سے برہمی اور گھیراؤ کے بعد پی اجئے کمار کو راہِ فرار اختیار کرنی پڑی ۔ مقامی افراد کا الزام ہے کہ رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کرنے کیلئے ریاستی وزیر پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریاستی وزیر کے خلاف کارروائی کرنے سے خوفزدہ ہے۔ اجئے کمار کی اس حرکت سے ٹی آر ایس حکومت کی بدنامی ہوئی ہے ، لہذا چیف منسٹر کو چاہئے کہ انہیں فوری وزارت سے برطرف کردیں۔ انہوں نے کمشنر اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے مطالبہ کیا کہ ریاستی وزیر کے خلاف کریمنل ایکشن لیں۔