گریٹر بلدی انتخابات کے مقررہ وقت پر انعقاد کیلئے تیاریوں کا آغاز

   

جاریہ ماہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت، الیکشن کمشنر کی بلدی عہدیداروں سے ملاقات
حیدرآباد۔ شہر میں سیلاب اور بارش کی تباہ کاریوں کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے التواء سے متعلق اندیشوں کا خاتمہ کرتے ہوئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے بلدی انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے۔ امدادی کاموں میں مصروف بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اب گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہوجائیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کا کام شروع کردیا ہے تاکہ جلد سے جلد انتخابی شیڈول جاری کیا جاسکے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر تمام سرگرمیاں توقع کے مطابق جاری رہیں تو انتخابی اعلامیہ 15 نومبر تک جاری کردیا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق وارڈ کی سطح پر فہرست رائے دہندگان 7 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ اسمبلی حلقوں کی بنیاد پر اعتراضات اور دعوؤں کی سماعت 8 نومبر تا 11 نومبر کی جائے گی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن 9 نومبر کو سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گا۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے بلدی سرکل سطح کے اجلاس 10 نومبر کو منعقد ہوں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنرس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ 12 نومبر کو فہرست رائے دہندگان پر اعتراضات کی یکسوئی کریں۔ 13 نومبر کو ڈپٹی کمشنرس سرکل سطح کی فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دیں گے۔ موجودہ کارپوریشن کی میعاد 10 فروری کو ختم ہورہی ہے۔ جی ایچ ایم سی ایکٹ کے مطابق 5 سالہ میعاد کی تکمیل سے تین ماہ قبل انتخابات منعقد کئے جانے چاہیئے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور کمشنر بلدیہ لوکیش کمار نے اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اروند کمار نے کمیشن کو بتایا کہ حکومت نے موجودہ وارڈس کا موقف برقرار رکھتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور خواتین کے تحفظات گذشتہ انتخابات کی طرح برقرار رہیں گے۔ اسی دوران اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دیئے جانے کے بعد اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔