حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں نئے راشن کارڈز کے حصول کیلئے جملہ 83285 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ درخواستوں کی جانچ کیلئے عہدیداروں کی جانب سے فیلڈ سروے کا آغاز کیا گیا ہے۔ پرجا پالنا کے تحت حاصل کردہ درخواستوں کی جانچ کا عمل 20 جنوری کو مکمل کرلیا جائے گا۔ گریٹر حیدرآباد میں سب سے زیادہ کاروان سرکل میں 7254 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ راجندر نگر 7112 اور چندرائن گٹہ سرکل میں6275 درخواستیں داخل کی گئیں۔ سب سے کم درخواستیں الوال میں موصول ہوئیں جو 1047 ہیں۔ حیات نگر سرکل میں1453 اور موسیٰ پیٹ سرکل میں 1157 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹر انودیپ درشٹی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شفافیت کے ساتھ گھر گھر سروے کا کام مکمل کریں۔ 21 جنوری سے مستحق افراد کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی اور 26 جنوری سے راشن کارڈز کی اجرائی کا آغاز ہوگا۔ 2014 میں راشن کارڈز کی اجرائی کے بعد سے دس سال تک نئے کارڈز جاری نہیں ہوئے۔1