گریٹر حیدرآباد میں فٹ پاتھس پر موجود ناجائز قبضوں کی برخواستگی

   

جی ایچ ایم سی کی ٹریفک پولیس کے ساتھ خصوصی مہم ’ آپریشن روپ ‘ کا آغاز
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) کی جانب سے شہر کے فٹ پاتھس پر موجود غیر مجاز قبضے جو ٹریفک مسائل پیدا کررہے ہیں ان کے خلاف ’آپریشن روپ ‘ کے نام سے خصوصی مہم کاآغاز کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے حدود میں شامل تمام سرکلس میں تاحال 744 ناجائز قبضوں کو برخواست کیا ہے ۔ جس طرح گریٹر حیدرآباد میں تیزی سے آبادی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اس طرح گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہیں تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں موجود فٹ پاتھس بڑے پیمانے پر قبضے ہوگئے ہیں جس سے ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ ان ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے لیے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے ٹریفک پولیس کی مدد و تعاون سے آپریشن روپ کا آغاز کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور ٹریفک مسائل کو حل کرنے میں معاون و مددگار بھی ثابت ہورہے ہیں ۔ دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے اواخر تک 744 ناجائز قبضوں کو برخواست کیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے اس طرح کی خصوصی مہم مسلسل چلائی جائے گی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایل بی نگر زون میں 11 ، چارمینار زون میں 211 ، خیریت آباد زون میں 156 ، شیر لنگم پلی زون میں 243 ، کوکٹ پلی زون میں 42 ، سکندرآباد مون میں 81 اس طرح جملہ فٹ پاتھس پر موجود 744 ناجائز قبضوں کو برخاست کیا گیا ہے ۔۔ 2