چارمینار زون میں61 کاموں کی نشاندہی، ٹریفک کے بہاؤ میں سہولت اور پانی جمع ہونے کی گنجائش نہیں
حیدرآباد۔/5 جولائی،( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد حدود میں سمنٹ اور کنکریٹ کی پائیدار اور مضبوط سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ جاریہ مالیاتی سال 146 کیلو میٹر طویل ایسی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جو سمنٹ اور کنکریٹ سے ہوں گی اور سڑک میں کہیں بھی خالی جگہ کی گنجائش نہیں رہے گی۔ ان سڑکوں کو VDCC کا نام دیا گیا ہے۔ 146 کیلو میٹر سڑک کی تعمیر پر 158.64 کروڑ کا خرچ آئیگا ۔ ان کی تعمیر سے عوام کو غیر معمولی سہولت حاصل ہوگی۔ کارپوریشن نے جولائی کے اختتام تک 8 کیلو میٹر کی تعمیر مکمل کرنے کا نشانہ بنایا ہے جس پر 10.75 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے جبکہ 41.16 کروڑ سے 33 کیلو میٹر کی سڑک دوسرے مرحلہ میں مکمل کی جائیگی اور یہ کام زیر دوران ہے۔ ذرائع کے مطابق 76.30 کروڑ خرچ سے 73.12 کیلو میٹر سڑک کی تعمیر کا عنقریب آغاز ہوگا۔ 27.10 کیلو میٹر کی تعمیر کا کام ٹنڈر کے مرحلہ میں ہے جبکہ 4.3 کیلو میٹر کے کام کو موقوف رکھا گیا ۔ نئی سڑکوں کے نتیجہ میں سڑک پر بارش کے پانی کے جمع ہونے کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی ۔ سڑکیں زیادہ تر کالونیوں میں تعمیر ہونگی اور ایسے مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے جہاں کھدائی کی گنجائش نہ رہے۔ 2020-21 میں 101.64 کروڑ سے 100.73 کیلو میٹر سڑکیں تعمیر کی جاچکی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ایل بی نگر زون میں 37 کام 14.71 کروڑ سے مکمل کئے گئے جس کے تحت 17.11 کیلو میٹر سڑک تعمیر کی گئی۔ چارمینار زون میں 29.72 کروڑ سے 61 کاموں کا منصوبہ ہے۔ ان میں سے 6 کام مکمل ہوچکے ہیں اور 9 مختلف مراحل میں ہیں۔ 33 کاموں کا ابھی تک آغاز نہیں ہوا۔ر