گریٹر حیدرآباد کے لنگوجی گوڑہ ڈیویژن سے کانگریس کا مقابلہ

   

متفقہ انتخاب کی بی جے پی کوششوں کو دھکا
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد کی لنگوجی گوڑہ ڈیویژن کے ضمنی چناؤ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے متفقہ انتخاب کی بی جے پی کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔ اس حلقہ میں بی جے پی کے منتخب کارپوریٹر اے رمیش گوڑ کے دیہانت کے نتیجہ میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ۔ بی جے پی قائدین نے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے رمیش گوڑ کے فرزند اکھل گوڑ کے متفقہ انتخاب کے لئے ٹی آر ایس امیدوار کھڑا نہ کرنے کی اپیل کی تھی ۔ کے ٹی آر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے لنگوجی گوڑہ ڈیویژن سے مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بی جے پی نے کانگریس پارٹی سے بھی اسی طرح کی اپیل کی لیکن کانگریس قیادت نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور بی راج شیکھر ریڈی کو بی فارم حوالے کردیا ہے ۔ 30 اپریل کے ضمنی چناؤ میں راج شیکھر ریڈی کانگریس کے امیدوار ہوں گے۔ پارٹی ترجمان جی نرنجن کے مطابق راج شیکھر ریڈی نے ریٹرننگ آفیسر کو بی فارم حوالے کردیا ہے۔ اس حلقہ میں بی جے پی کا راست مقابلہ کانگریس سے رہے گا۔ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت ہے جس کے نتیجہ میں ٹی آر ایس نے بی جے پی کے حق میں راستہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے ۔ رائے دہندوں میں دونوں پارٹیوں کی خفیہ مفاہمت کو کانگریس پارٹی بے نقاب کرے گی۔