میئر اور کمشنر کے ساتھ کمیشن کا اجلاس، دستور میں دیئے گئے حقوق پر عمل آوری کی ہدایت
حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے آج گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں اعلی سطی اجلاس منعقد کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے ایس سی ایس ٹی ملازمین کے مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میئر حیدرآباد بی رام موہن، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، ایس سی ایس ٹی کمیشن کے ارکان آر نائک، ودیا ساگر، شریمتی نیلا دیوی، سی ایچ نرسمہا، ایس دیویا کے علاوہ بلدی عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ایس سی ایس ٹی طبقات کی زندگی میں نئی روشنی پیدا ہوئی ہے۔ حکومت کی جانب سے عمل کئے جارہے مختلف فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے فوائد ایس سی ایس ٹی طبقات تک پہنچنے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو ایس سی ایس ٹی اور دیگر طبقات کو سماجی تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے ان طبقات کے مفادات کے تحفظ اور دستور و قانون میں دیئے گئے حقوق پر عمل آوری کے لیے پانچ ارکان کے ساتھ ریاستی کمیشن کا قیام عمل میں لایا۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ کمیشن کی تشکیل کے بعد ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت مظالم کے واقعات کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاحال 5 ہزار مقدمات کی یکسوئی کرتے ہوئے 40 کروڑ روپئے تک معافضہ ادا کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف محکمہ جات میں ایس سی ایس ٹی ملازمین کے ساتھ جاری ناانصافیوں کا خاتمہ کرنے میں کمیشن کو کامیابی ملی ہے۔ جی ایچ ایم سی میں برسر خدمت ایس سی ایس ٹی ملازمین کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کرنے کے مقصد سے یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ میئر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ جی ایچ ایم سی میں کمزور اور پسماندہ طبقات کی بھلائی پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور میں جو حقوق دیئے گئے ہیں ان پر عمل کیا جاتا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے جی ایچ ایم سی کی کارکردگی اور ایس سی ایس ٹی ملازمین کی تعداد اور ان سے متعلق فلاحی اسکیمات کی تفصیلات بیان کی۔ صدرنشین ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ ملازمین کسی بھی ناانصافی کی صورت میں کمیشن سے رجوع ہوسکتے ہیں۔
