بیگو سرائے سے مقابلہ کرنے بی جے پی وزیر کے پس و پیش پر کنہیا کمار کا دلچسپ تبصرہ
پٹنہ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے حلقہ لوک سبھا بیگو سرائے کے سی پی آئی امیدوار کنہیا کمار نے اس حلقہ سے مقابلہ کرنے سے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے پس و پیش کا دلچسپ انداز میں ایک ایسے بچوں سے تقابل کیا ہے جو ہوم ورک کی تکمیل میں ناکامی پر اسکول جانے سے انکار کیا کرتے ہیں۔ دہلی کی جے این یو کی طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا نے پیر کو رات دیر گئے فیس بک پوسٹ میں مرکزی وزیر کا نام لئے بغیر بالواسطہ طور پر دلچسپ تبصرہ کیا۔ کنہیا نے مزید کہا کہ ’’ٹیلی ویژن پر نیوز دیکھا اور معلوم ہوا کہ لوگ کو مفت پاکستان کے سفر پر بھیجنے کیلئے پہچانے جانے والے بی جے پی کے ایک وزیر بیگو سرائے سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں‘‘۔ بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر گری راج کشور نے 2014ء میں لوک سبھا انتخابات سے قبل یہ کہتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ نریندر مودی کی مخالفت کرنے والوں کو پاکستان چلے جانا چاہئے۔ کنہیا کمار نے اپنے فیس بک پوسٹ پر طنزیہ انداز میں برجستہ لکھا کہ ’’میرا ایک بھانجہ ہے وہ جب کبھی اپنا ہوم ورک کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تو اسکول جانے سے انکار کردیتا ہے لیکن ٹیچر کو پاکستان بھیجنے کے بارے میں بھی نہیں سوچتا۔ نہ تو وہ کسی سے نفرت کرتا ہے اور نہ ہی کسی کو اسکول سے خارج کرنا چاہتا ہے۔ کنہیا کمار نے جو جے این یو میں مبینہ طور پر ملک دشمن نعرے لگانے کے الزام پر ملک سے غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ ملک گیر شہرت حاصل کی تھی، مزید لکھا کہ یہی اصل اور حقیقی ہندوستان ہے اور ان واہیات و مفروضہ مباحث سے یکلخت مختلف ہے جو نیوز چیانلوں پر دیکھے جاتے ہیں‘۔ گری راج سنگھ نے حلقہ نواڈہ کو بی جے پی کی حلیف ایل جے پی کو دیئے جانے پر ناخوشی کا اظہار کیا تھا۔
