متاثرہ علاقوں کیلئے مرکزی حکومت کا خصوصی امدادی پیاکیج
نئی دہلی۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت داخلہ مملکتی وزیر جی کشن ریڈی نے بتایا کہ گزشتہ سال 5 برسوں میں نکسلی تشدد اس سے ماقبل 5 برسوں کے مقابلے میں 43 فیصد گھٹ گیا۔ ایک تحریری سوال کا راجیہ سبھا میں جواب دیتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ حکومت کی سخت پالیسی کے نتیجے میں تشدد میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اور بائیں بازو کی انتہاپسندی کا علاقہ بھی کم ہورہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 2018ء سے ملک کے صرف 60 اضلاع سے بائیں بازو کے تشدد کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں سے صرف 10 اضلاع دوتہائی تشدد کے لیے ذمہ دار ہیں۔ بائیں بازو کے تشدد میں اپریل 2014ء سے مئی 2019ء کے درمیان 43 فیصد سے بہت زیادہ تھا۔ ریڈی نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے بائیں بازو کی انتہاپسندی سے متاثرہ اضلاع کے لیے سالانہ 1000 کروڑ روپیوں کے حساب سے خصوصی مرکزی امداد کو منظوری دے دی ہے جس سے عوامی اساس کا ڈھانچوں اور خدمات کے درمیان پایا جانے والا تفاوت ختم ہوجائے گا۔
نئی دہلی میں 4 منزلہ عمارت منہدم
نئی دہلی۔24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی کے علاقہ نبی کریم میں ایک چار منزلہ متروک عمارت چہارشنبہ کو گرپڑی۔ دہلی فائر سرویس کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس حادثے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ محکمہ آتش فرو کے ترجمان نے بتایا کہ اسے صبح میں ایک فون کال اس سلسلے میں وصول ہوئی جس کے ساتھ ہی چھ ا ٓتش فرو گاڑیوں کو مقام واردات پر روانہ کیا گیا۔ اس متروکہ عمارت میں کوئی نہیں رہتا تھا اور یہ بہت ہی قدیم عمارت تھی۔ محکمہ آتش فرو نے بتایا کہ دو گھنٹوں کے اندر منہدم عمارت کے مبلے کو صاف کردیا گیا۔
