نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی امکان ہیکہ جون کے آخر میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے دورہ کے پروگرام کو قطعیت دینا باقی ہے۔ بتایا گیا ہیکہ وزیراعظم کے جرمنی کے دورہ کے حصہ کے طور پر وہ یو اے ای بھی جائیں گے۔ وہ G7 سمٹ میں شرکت کریں گے جو 26 تا 28 جون منعقد ہوگی۔ 26 جون کو وزیراعظم جرمنی کے میونخ میں ہندوستانی برادری سے بھی خطاب کریں گے۔ بی جے پی قائدین کے گستاخانہ بیان کے بعد عرب ممالک کی جانب سے شدید ردعمل کے اظہار پر وزیراعظم کا یو اے ای کا یہ دورہ آپسی تعلقات کو بہتر بنانے کی سمت ایک قدم سمجھا جارہا ہے۔ توقع کی جارہی ہیکہ یو اے ای کے ساتھ ناراضگی دور کرنے کیلئے یہ دورہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ قطر ، کویت اور ایران نے ہندوستانی سفیروں کو طلب کرکے اپنا احتجاج درج کروایا تھا جبکہ یو اے ای اور سعودی عربیہ نے ہندوستانی سفیروں کو طلب نہیں کیا۔ دونوں ممالک نے گستاخانہ بیان دینے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی کا خیرمقدم کیا تھا۔