گلبرگہ تا دہلی فضائی پرواز کا آغاز

   

علاقہ حیدرآباد کرناٹک کی عوام کیلئے قابل فخرا قدام ، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر امیش جادھو کا خطاب

گلبرگہ : علاقہ حیدر آباد کرناٹک سے قومی دار الخلافہ دہلی کا سفر پہلے بڑا طویل ہوا کرتا تھا لیکن اب گلبرگہ ایر پورٹ سے راست دہلی کے لئے 18نومبر سے فضائی سروس کا آغاز ہوچکا ہے۔ رکن پارلیمینٹ گلبرگہ ڈاکٹرامیش جادھو نے شمع روشن کرنے کے بعد پہلے مسافر کو بورڈنگ پاس حوالہ کیا اور پھر پہلی پرواز کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے گلبرگہ تا دہلی پہلی پرواز کا افتتاح کیا۔ اس طرح گلبرگہ اور دہلی کے درمیان جو بہت زیادہ وقت لگ جاتاتھا وہ بالکل کم ہوکر 2گھنٹے 20منٹ رہ گیا ہے۔ اسٹار ایر ویز منگل، چہارشنبہ اور ہفتہ یعنی ہر ہفتہ میں تین دن گلبرگہ تا دہلی کے درمیان فلائیٹس چلائے گی۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر امیش جادھونے کہا ہے کہ گلبرگہ ایر پورٹ کا افتتاح اور یہاں سے پروازوں کا آغاز علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے عوام کے لئے نہایت قابل فخر بات ہے۔ یہاں سے بنگلور اور دہلی کے لئے پروازیں شروع ہوگئی ہیں اور آگے ہبلی، حیدر آباد، ممبئی اور تروپتی کے لئے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔ گلبرگہ سے صبح 10بج کر 20منٹ پر پرواز کرنے والا جہاز دوپہر 12بج کر 40منٹ پر دہلی پہنچ جائیگا۔ اسی طرح دہلی سے 1بج کر 40منٹ کو روانہ ہونے والا جہاز 3.30بجے دوپہر گلبرگہ پہنچ جائے گا۔ ڈاکٹر امیش جادھونے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فضائی سروس سے بھر پور استفادہ کریں۔ رکناسمبلی بسواراج متی موڑو، ایم ایل سی بی جی پاٹل، ڈائرکٹر گلبرگہ ایر پورٹ گیانیشور راؤ، بی جے پی لیڈر شیوراج پاٹل ردے واڑگی اس تقریب میں شریک تھے۔