گلبرگہ میں ایشیاء پیسفک فلائیٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

   

ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ساتھ معاہدہ ، ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن اتھاریٹی کا بیان
حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فضائی تربیت کے ادارہ ایشیاء پیسیفک فلائیٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نے کلبرگی(گلبرگہ) ائیر پورٹ پر تربیتی ادارہ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سیول ایویشن اتھاریٹی کی جانب سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ کے مطابق ڈی جی سی اے نے حالیہ عرصہ میں ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ساتھ جومعاہدہ کیا ہے اس کے مطابق ڈیزائن ‘ بلٹ‘ آپریٹ‘ مینٹین اینڈ ٹرانسفر کے تحت اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرناٹک کے ضلع گلبرگہ میں موجود ائیر پورٹ پر ایشیاء پیسیفک فلائیٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے ساتھ معاہدہ کرتے ہوئے اس ادارہ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے علاوہ فضائی صنعت میں تحقیق کرنے والے مختلف اداروں کی جانب سے کئے جانے والے سروے میں اس بات کی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ سال 2025 تک ہندستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہوجائے گا جو کہ فضائی صنعت میں معاملات انجام دے گا۔ محققین اور ماہرین کے مطابق 2025 تک ہندستان کو بڑی تعداد میں تربیت یافتہ پائیلٹس کی ضرورت ہوگی اور اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے اس طرح کے اداروں کا قیام ناگزیر ہے جو کہ فضائی شعبہ میں تربیت کی فراہمی کو یقینی بناسکیں۔ستمبر 2020 میں مرکزی وزیر شہری ہوا بازی مسٹر ہردیپ سنگھ پوری نے راجیہ سبھا میں دئیے گئے اپنے ایک بیان کے دوران کہا تھا کہ سال 2024-25 کے دوران ہندستان کو 9488 پائیلٹس کی ضرورت ہوگی کیونکہ ہندستان فضائیہ کی صنعت اور کمرشیل فضائیہ میں دنیا کے کئی ممالک سے مسابقت کرتے ہوئے اس شعبہ میں سرکردہ اہمیت کا حامل بننے جا رہاہے۔