گلدستے اور شال کے بجائے نوٹ بکس اور قلم پیش کرنے کا مشورہ

   

صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر سرینواس کا منفرد اقدام
حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے انہیں سال نو کی مبارکباد پیش کرنے والے عہدیداروں، قائدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ گلدستے اور شال کے بجائے نوٹ بکس، قلم اور دیگر ایسی اشیاء دیں جو ایس سی ایس ٹی طبقے سے تعلق رکھنے والے غریب طلبہ کے کام آسکیں۔ متحدہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں ایس سی ایس ٹی کمیشن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے سال نو کے موقع پر صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے ہر کسی کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں، عوام اور چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ سال نو مبارکباد دینے کے لیے گلدستے اور شال کی پیشکشی سے گریز کریں۔ اس کی جگہ نوٹ بکس، پن اور ڈکشنری حوالے کریں تاکہ غریب طلبہ میں تقسیم کیا جاسکے۔ کمیشن کے دفتر میں سال نو کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف نوجوانوں اور اہل خیر افراد نے سرینواس سے ملاقات کرتے ہوئے نوٹ بکس اور قلم حوالے کئے۔ طلبہ میں انسانیت کی خدمت کے جذبے کی صدرنشین نے ستائش کی۔ ڈائرکٹر ایس سی ویلفیر اور کمیشن کے سکریٹری کروناکر کے ہمراہ کیک کاٹا گیا۔ انہوں نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ گزشتہ سال کی طرح بہتر خدمات جاری رکھتے ہوئے ایس سی ایس ٹی طبقات کی زندگی میں خوشحالی کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر سرینواس نے قبل ازیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے ملاقات کرتے ہوئے سال نو کی مبارکباد پیش کی۔