گلپوشی، شالپوشی اور تہنیت سے گریز کرنے میناکشی نٹراجن کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن نے 28 فروری کے پردیش کانگریس کمیٹی توسیعی اجلاس میں گلپوشی، شالپوشی اور دیگر انداز میں تہنیت پیش کرنے سے منع کردیا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کو اس سلسلہ میں پابند کریں کہ وہ عاملہ کے توسیعی اجلاس میں کسی بھی انداز میں تہنیت سے گریز کریں۔ میناکشی نٹراجن ہائی کمان سے تقرر کے بعد پہلی مرتبہ 28 فروری کو حیدرآباد پہنچ رہی ہیں اور وہ گاندھی بھون میں عاملہ کے توسیعی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ میناکشی نٹراجن گاندھیائی اصولوں پر سختی سے کاربند رہتی ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ میناکشی نٹراجن کی آمد کے موقع پر گاندھی بھون میں کسی بھی طرح کے جشن آتشبازی کا اہتمام نہ کریں۔ میناکشی نٹراجن کے استقبال کیلئے فلیکسی اور بیانرس سے گریز کیا جائے اس کے علاوہ گلدستے، شال، مومنٹو اور اس طرح کا کوئی بھی تحفہ وغیرہ پیش نہ کریں۔ وہ پارٹی کے اجلاس میں شرکت کررہی ہیں لہذا اس طرح کی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے۔1