نئی دہلی۔18 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی پچھلے کچھ دنوں سے مسلسل متنازعہ بیان دئیے جا رہے ہیں۔ وہ ہندوستان اور اس کے سابق کرکٹروں کے بارے میں کچھ بھی بول رہے ہیں۔ اس بار آفریدی نے ہندوستان کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کو اوسط درجے کا بڑبولاکھلاڑی کہا۔ یاد رہے کہ آفریدی اور گمبھیر کے رشتے ہمیشہ تلخیوں بھرے رہے ہیں۔ دونوں کھیل کے میدان پر اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکثر ٹکراتے ہوئے نظر آتے ہیں۔آفریدی نے اپنی سوانح حیات گیم چینجر میں گوتم گمبھیر کو ایک اوسط درجے کا بڑبولا کھلاڑی بتایا ہے۔ آفریدی کے مطابق گوتم گمبھیر کے نام کوئی بھی بڑا ریکارڈ نہیں ہے لیکن وہ خود کو ڈان بریڈمین اور جیمس بانڈ سمجھتے ہیں۔ آفریدی نے کہا گوتم گمبھیر کے سلوک میں ہی مسئلہ ہے۔ اس کے کوئی بڑے ریکارڈ نہیں ہیں۔ بس نخرے بازی ہے۔آفریدی نے اپنی کتاب میں گوتم گمبھیر سے میدان پر ہوئی لڑائی کا بھی ذکر کیا ہے۔ آفریدی کے مطابق، سال 2007 میں ہندوستان میں کھیلے گئے ایک ونڈے میں ان کی گمبھیر سے لڑائی ہوئی تھی۔ آفریدی نے کہا کہ اس لڑائی کے دوران ہم دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف سخت جملے استعمال کئے تھے ۔آفریدی نے اپنی اس کتاب میں ویریندر سہواگ پر بھی تنقید کی ۔ آفریدی نے لکھا کہ ویریندر سہواگ سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منفی تبصرے کرتے رہتے ہیں کیا یہ صحیح طریقہ ہے۔