گمراہ کن اشتہارات کے ذریعہ ادویات کی فروخت

   

فوڈ پراڈکٹس کے نام پر ٹیبلیٹس، ڈرگس کنٹرول کے دھاوے
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن نے فوڈ پراڈکٹس اور نیوٹریشن پر مبنی ادویات کے نام پر ٹیبلیٹس کی غیر قانونی فروخت کے معاملہ کو بے نقاب کیا ہے۔ حکام نے خیریت آباد کی انڈسٹریل ہاوزنگ کالونی میں دھاوا کرتے ہوئے فوڈ پراڈکٹس کے نام پر فروخت کی جانے والی ادویات کو ضبط کرلیا ۔ ڈائرکٹر جنرل بی کملاسن ریڈی نے بتایا کہ مختلف عوارض کے علاج کے نام پر ٹیبلیٹس فروخت کی جارہی تھیں ان میں سے بعض ادویات آیورویدک کے نام پر فروخت کی جارہی تھیں جو ذیابیطس اور گردہ کی پتھری کیلئے قابل علاج بتائی گئی ہیں۔ حکام نے مشیرآباد کے علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے مختلف ناموں سے مارکٹ میں فروخت کی جانے والی ادویات کو ضبط کرلیا۔ یہ گمراہ کن اور غیرقانونی ادویات کی تیاری میکسٹرا لیباریٹریز میڑچل ملکاجگیری میں تیار کی جارہی تھیں اور خیریت آباد کے اشوک نگر میں واقع زایوی فارما سیوٹیکلس کی جانب سے ان کی مارکٹنگ کی جارہی تھی۔ فوڈ لائسنس کے تحت یہ ادویات تیار کی جارہی تھیں۔ حکام نے گمراہ کن اشتہارات کے ذریعہ فروخت کی جارہی ادویات کو مریال گوڑہ اور سنگاریڈی اضلاع میں بھی ضبط کیا ہے۔ ڈرگ انسپکٹر مریال گوڑہ جے اشون کمار اور ڈرگ انسپکٹر بولارم پروین کمار نے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ یہ کارروائی کی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گمراہ کن اشتہارات کے ذریعہ ادویات کی غیرقانونی فروخت کی شکایت ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر ایام کار کے دوران صبح 10:30 تا شام 5 بجے کریں۔1