گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں ہیرٹیج پارک دنیا بھر کے لوگوں کیلئے کشش کا باعث ہوگا

   

حیدرآباد :۔ نہ صرف ہیرٹیج میں دلچسپی رکھنے والے بلکہ ریاستی حکومت بھی گنبدان قطب شاہی کی مرمت اور تزئین کے بڑے پراجکٹ کے مکمل ہونے کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ وزیر آئی ٹی اور انڈسٹریز کے ٹی راما راؤ نے اس ہفتہ ٹوئیٹ کیا تھا کہ ’ 2024 تک قطب شاہی ہیرٹیج پارک دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہوگا ۔ اس پارک کے لیے آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر کی جانب سے بہتر کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ پارک 2013 میں اس وقت کے اے پی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمس ، قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ، اے کے ٹی سی اور آغا خاں فاونڈیشن کی جانب سے دستخط کئے گئے ایک 10 سالہ معاہدہ کا نتیجہ ہے جو گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو اور لینڈ اسکیپ کی بحالی سے متعلق ہے ۔ اس کا مقصد اس سائٹ کو اربن آرکیالوجیکل پارک کے طور پر فروغ دینا ہے اور اس کی باونڈریز کے اندر موجود 80 مقبروں کا تحفظ کرنا ہے ۔ آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے مطابق اس کے مرمتی اور تزئین کے کام ماہر کاریگروں کی جانب سے روایتی ٹولس ، تکنیکس اور روایتی میٹرئیلس کا استعمال کرتے ہوئے کئے جارہے ہیں ۔۔