یلاریڈی۔ یلاریڈی ڈیویژن کے منڈل گندھاری مستقر پر رات کو دو مکانات اور بھوگیشورا مندر میں سرقہ کی واردات پیش آئی۔ سب انسپکٹر سریکانت کے مطابق مندر کے قریب گوپال راؤ ، یوشووا کے مقفل شدہ مکانات کا قفل توڑ کر نامعلوم سارقوں نے اندر داخل ہوکر سرقہ کیا اور مندر کی ہونڈی پھوڑ کر اس میں سے رقم اڑالی ۔ گوپال راؤ نے درگا نگر میں جدید مکان تعمیر کیا اور گھر والوں کے ساتھ وہیں تھا سارقوں نے اس کو غنیمت جان کر اس کے قدیم مقفل شدہ مکان کو نشانہ بنایا۔ مکان سے ساڑھے چار تولہ سونے کے زیور، 10 تولہ چاندی اور دس ہزار روپئے نقد رقم سرقہ کرلیا۔ یوشووا بھی اپنے مکان کو قفل ڈال کر اپنے رشتہ داروں کے پاس گئی ہوئی تھی کہ نامعلوم سارقوں نے قفل شکنی کرکے مکان میں داخل ہوکر چار ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔پولیس میں شکایت پر سرکل انسپکٹر وینکٹ نے مقام واردات پہنچ کر معائنہ کیا اور مقدمہ درج کرکے سارقوں کی تلاش میں ہے۔ واضح رہے کہ ایک بار پھر مقفل شدہ مکانات کو سارقین نے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ عوام کو اس سلسلہ میں مکمل چوکسی اختیار کرنا ضروری ہے۔ اکثر سرقہ کی وارداتیں مقفل مکانات میں ہی پیش آرہی ہیں۔ عوام کی غفلت و لاپرواہی سارقوں کو ان کے مقصد میں کامیاب کرسکتی ہے۔