گنٹور میں اجتماعی عصمت دری کا واقعہ

   

حیدرآباد۔ 19فروری (یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں تین افراد نے ایک خاتون کی اجتماعی عصمت دری کی۔ یہ واقعہ ضلع کے منگل گری کے ہائی لینڈ علاقہ میں پیش آیا۔ڈی ایس پی نارتھ سب ڈیویثرن کے درگاپرساد نے کہا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا تاہم متاثرہ نے اپنے ارکان خاندان سے مشاورت کے بعد پولیس سے اس سلسلہ میں شکایت کی۔ متاثرہ کا تعلق گنٹور ضلع سے ہے اور وہ پرائیویٹ ایجوکیشنل سروس کے لئے ٹیلی کالر کے طور پرخدمات انجام دیا کرتی تھی۔ چیتنیہ نامی شخص نے اپنی بائیک پر اس کو لفٹ کی پیشکش کی۔اس نے خاتون کو بتایا کہ وہ اس انسٹی ٹیوٹ سے فاصلاتی تعلیم میں سرٹیفکیٹ حاصل کرناچاہتا ہے ۔اس خاتون نے اس کی مدد کا وعدہ کیا اور بعد ازاں فون نمبرات کا تبادلہ ہوا۔پولیس نے کہا کہ چیتنیہ نے خاتون سے ربطہ پیدا کیا اور اس سے وجئے واڑہ میں ملاقات کی۔ ملزم نے اس سے کہا کہ اس کے دو دوست بھی اسی تعلیمی ادارہ سے سرٹیفکیٹ حاصل کرناچاہتے ہیں۔اس پر یقین کرتے ہوئے خاتون اس کے ساتھ چلی گئی۔ملزم نے اس کو سنسان مقام لے جاکر اس پر حملہ کردیا اوراس کی اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اجتماعی عصمت دری کی۔متاثرہ نے پہلے اس سلسلہ میں شکایت درج کروانے سے ہچکچاہٹ سے کام لیا تاہم بعد ازاں اپنے رشتہ داروں سے تبادلہ خیال کے بعد اس نے منگل گری پولیس سے اس خصوص میں شکایت کی۔پولیس نے ان ملزمین کو گرفتار کرنے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے ۔