عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ، کاماریڈی میں ڈی جے آپریٹرس کے ساتھ ضلع ایس پی کا خطاب
کاماریڈی۔ 22ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی ضلع میں آئندہ گنیش تہوار اور وسرجن جلوسوں کے دوران ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم راجیش چندرا نے ضلع پولیس دفتر میں ڈی جے آپریٹرس کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ڈی جے آپریٹرس اور گنیش اُتسو کمیٹیوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور وسرجن جلوسوں میں ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کا استعمال نہ کریں۔ ایس پی نے کہا کہ کاماریڈی ضلع کا ہر شہری ایک خاندان کا فرد ہے اور تمام لوگوں کی جان و مال اور صحت کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ تقریباً 10 لاکھ آبادی پر مشتمل اس بڑے خاندان میں ڈی جے آپریٹرس بھی اہم حصہ ہیں، اس لیے انہوں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی کہ وسرجن جلوسوں کے دوران بلند آواز کی وجہ سے کسی کی صحت متاثر نہ ہو یا کسی قسم کا جانی نقصان پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ گنیش وسرجن کے موقع پر بڑی تعداد میں عوام کی شرکت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے پیش نظر ضلع بھر میں نوراتری تقریبات کے پہلے دن سے ہی ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر اس سال گنیش وسرجن کے دوران ڈی جے کے استعمال سے پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ سماعت متاثر ہونے، ذہنی دباؤ، بلند فشار خون اور شدید سر درد جیسے مسائل سب کے لیے ایک انتباہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کاماریڈی ضلع کے کسی بھی خاندان کو متاثر نہیں کرنا چاہیے اور تمام ڈی جے مالکان و آپریٹرس سے سپریم کورٹ کی ہدایات اور پولیس کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی۔ ایس پی نے واضح کیا کہ تہوار عقیدت، خوشی اور جوش کے ساتھ منائے جانے چاہئیں، تاہم ایک گروپ کی تفریح دوسروں کے لیے تکلیف یا خطرے کا سبب نہیں بننی چاہیے۔ ایس پی نے خبردار کیا کہ پابندی کے باوجود جان بوجھ کر ڈی جے سسٹم کا انتظام یا استعمال کرنے والے گنیش اُتسو منتظمین اور ڈی جے آپریٹرس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، آلات ضبط کرنے کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع پولیس کی جانب سے گنیش وسرجن پروگراموں کو پرامن ماحول میں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری احتیاطی و حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے تہوار کو پرامن اور خوشگوار انداز میں منانے میں اپنا کردار ادا کریں۔