منڈپس کی جیوٹیاگنگ، سوشل میڈیا پر سخت نظر: کمشنر سٹی پولیس
حیدرآباد۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گنیش تہوار کے سلسلہ میں سٹی پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ شہر کے ہر گنیش منڈپ کی جیوٹیاگنگ کی جائے گی اور ہر منڈپ کی اجازت کے لئے سٹی پولیس کی جانب سے تیار کردہ خصوصی ایپ کے ذریعہ اجازت حاصل کرنی ہوگی اور تہوار کے دوران 24 گھنٹے سوشل میڈیا پر مقامی پولیس اور آئی ٹی سیل کی جانب سے سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ پرامن اور خوشگوار ماحول میں تہوار کے انعقاد کے لئے آج کمشنر پولیس حیدرآباد نے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس طلب کیا۔ سنٹرل کمانڈر کنٹرول میں منعقدہ اس اجلاس کے دوران کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے عہدیداروں کو سخت چوکنا رہنے کی ہدایت دی۔ خدمات میں کوتاہی اور لاپرواہی کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ کمشنر پولیس نے لا اینڈآرڈر کے علاوہ ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعہ اقدامات کو انجام دیں۔ انہوں نے بونال تہوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بونال کی طرح گنیش تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اسٹیشن ہاوز آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ گنیش منڈپ کی کمیٹیوں اور مقامی عوام سے مسلسل رابطہ بنائے رکھیں اور بھیڑ والے منڈپوں پر ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مقامی سطح پر عوامی تال میل کے ذریعہ انتظامات کو اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ راجندر نگر اور شمس آباد زون بھی اب حیدرآباد سٹی پولیس کمشنریٹ حدود کا حصہ بن چکے ہیں لہذا بالاپور تا خیریت آباد تک انتظامات کو اہمیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے ملکاجگیری اور سائبرآباد کمشنریٹ سے تال میل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ کمشنر پولیس سجنار نے کہا کہ شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹنگ اور افواہوں پر دھیان نہ دینے کی عوام سے کمشنر نے خواہش کی اور کہا کہ بے بنیاد اور قابل اعتراض پوسٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کرائم اینڈ سٹ ایم سرینواس، ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر جناب تفسیر اقبال، جوائنٹ کمشنر اسپیشل برانچ مسٹر ایس ایم وجے کمار اور شہر کے مختلف زونس سے وابستہ ڈی سی پیز و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ع؍F