حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی کے جنرل سکریٹری بھگونت رائو نے کہا کہ گنیش منڈپوں کے روبرو ڈی جے اور فلمی گانے اور رقص ہماری تہذیب کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گنیش اتسو تقاریب پرامن بھائی چارہ کے ماحول میں منائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور بھگوان کے تئیں بھکتی کے اظہار کے لیے یہ تقاریب مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تقاریب کے دوران طلبہ اور نوجوانوں کے لیے مختلف معلوماتی مقابلوں کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گنیش اتسو کے دوران جلیان والا باغ کے سانحہ کی یاد منائی جائے تاکہ یہ تاثر پیدا ہو کہ ملک کے عوام ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال سے آلودگی میں اضافے کا خطرہ ہے لہٰذا ایسے گنیش استعمال کیے جائیں جو آلودگی سے پاک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 10 ستمبر کو رویندرا بھارتی میں بھجن مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ 12 ستمبر کو 40 ویں گنیش اتسو وسرجن جلوس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ صبح 8 بجے لڈو کے ہراج کے بعد بالاپور گنیش جلوس کا آغاز ہوگا۔ گنیش اتسو تقاریب میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت اور سوامی پرگنانند مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔