گنیش وسرجن جلوس کے پرامن اختتام پر ڈی جی پی کا اظہار مسرت

   

ایک لاکھ مورتیوں کا وسرجن، تمام محکمہ جات سے مہیندر ریڈی کا اظہار تشکر

حیدرآباد ۔ /13 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی گنیش وسرجن جلوس کے پرامن اختتام پر ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے مسرت کا اظہار کیا اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ دفتر ڈی جی پی سے جاری کردہ ایک بیان میں مہندر ریڈی نے کہا کہ کڑی محنت کے نتیجہ میں تلنگانہ پولیس نے 11 دن کے گنیش تہوار بلاکوئی واقعہ کے مکمل کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس کے ہر رتبہ کے عہدیدار کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ /2 ستمبر کو گنیش تہوار کا آغاز ہوا تھا اور /12 ستمبر کو اختتام ہوا اور ان دنوں تقریباً ایک لاکھ سے زائد گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی دفتر کے کمانڈ کنٹرول سنٹر سے 29 پولیس یونٹس اور ضلع سطح کے کمانڈ کنٹرول سنٹرس کی مدد سے تہوار کے دوران کڑی نظر رکھی گئی تھی اور اس بندوبست کیلئے 55 ہزار پولیس عملہ کو تعینات کیا گیا تھا ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ پولیس بندوبست کیلئے محکمہ آبکاری ، محکمہ جنگلات ، اسپیشل پروٹیکشن فورس ، آندھراپردیش پولیس کے علاوہ سینکڑوں نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وسرجن کے موقع پر ریاستی وزیر داخلہ جناب محمود علی نے پولیس عہدیداروں کے ساتھ فضائی دورہ کیا ۔ انہوں نے گنیش تہوار 2019 ء کے پرامن اختتام پر عوام اور اپنے ماتحتین کو مبارکباد پیش کی ۔