گنیش وسرجن کے پرامن انعقاد پر وزیر داخلہ محمود علی کا اظہار اطمینان

   

تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کی علامت، پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو مبارکباد

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے گنیش وسرجن جلوس کے پرامن اختتام پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و ضبط کا کوئی مسئلہ جلوس کے دوران پیدا نہیں ہوا اور عوام نے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ مذہبی رسومات کی تکمیل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو ریاست میں امن و ضبط کی برقراری اور بھائی چارے کے فروغ کو ترجیح دیتے ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے ریاست میں امن و امان کا ماحول ہے اور تمام طبقات اپنے عید و تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ پرامن ماحول میں منارہے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بونال تقاریب اور یوم عاشورہ کے موقع پر مرکزی تعزیہ جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ یہ دونوں پرامن طور پر گزرگئے جس کے لیے حکومت کے تمام محکمہ جات مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے فرائض بحسن خوبی انجام دیئے۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس کی ستائش کی اور کہا کہ پولیس نے دن رات محنت کرتے ہوئے امن و ضبط کو برقرار رکھا۔ امن و ضبط کی برقراری میں تلنگانہ پولیس کو ملک بھر میں شہرت حاصل ہے۔ حیدرآباد کی گنگاجمنی تہذیب ملک بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔ عید اور تہواروں کے پرامن انعقاد کا سہرا چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ تمام مذاہب کے عید و تہوار اور مذہبی رسومات کو مساوی طور پر ا ہمیت دی ہے۔ حکومت کی جانب سے ہر تہوار کے لیے فنڈس فراہم کیے جاتے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے امن و امان بھائی چارگی اور عوام کے درمیان ہمدردی اور محبت کے جذبے میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر داخلہ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے علاوہ حیدرآباد، سائبر آباد اور راچا کونڈا کے پولیس کمشنرس، دیگر عہدیداروں اور عملے کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ان تمام غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کو مبارکباد پیش کی اور اظہار تشکر کیا جنہوں نے پرامن انعقاد میں حکومت اور پولیس سے تعاون کیا۔