گوا اسمبلی میں منوہر پاریکر کو خراج عقیدت

   

پاناجی۔20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چہارشنبہ کو گوا اسمبلی میں سابق چیف منسٹر منوہر پاریکر اور دوسرے متوفی بی جے پی لیڈرس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نئی بی جے پی حکومت کو خط اعتماد حاصل کرنے کے لیے اسپیشل اسمبلی اجلاس طلب کیا گیا تھا اور اس خصوصی اجلاس میں تمام پارٹیوں نے منوہر پاریکر کی خدمات کو خاص طور پر ریاست کی ترقی کے لیے ان کی کوششوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاریکر کے جانشین چیف منسٹر پرمود ساونت نے پاریکر کو یاد کرکے جذبات سے مغلوب ہوکر کہا کہ ’’آج میں ان ہی کی بدولت ایم ایل اے بنا ہوں اور ان کی کرسی پر براجمان ہوں۔ ساونت جنہوں نے منگل کو اسمبلی اسپیکر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا تھا چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا اور ممبران اسمبلی سے درخواست کی کہ منوہر پاریکر کے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام ارکان دست تعاون دراز کریں۔ اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر میکل لوبونے اجلاس کی صدارت کی اور قرارداد تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسی اونچی سیاست بصیرت رکھنے والے قائد کی خدمت کو خراج عقیدت کے لیے الفاظ نہیں مل رہے ہیں۔ تعزیتی قرار کو بی جے پی ایم ایل اے فرانسس ڈیسوزا اور سابق ڈپٹی اسپیکر وشنوواگ نے منظور کی۔ اپوزیشن قائد چندر کانت کائولیکر نے کہا کہ پاریکر ملک کے وزیر دفاع کی حیثیت سے کام کرکے ریاست گوبا کا نام روشن کیا ہے اور کہا کہ ان کے طرز عمل پر تمام لوگ عمل پیرا ہیں۔