گوا میں ریلوے لائنز کی توسیع کیخلاف احتجاج

   

پنجی (گوا) : جنوبی گوا میں ہزاروں افراد بشمول کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگوں نے ریلوے پٹریوں پر بیٹھ کر دھرنا دیا جو دراصل ریلوے لائن میں توسیع کی مخالفت میں کیا گیا۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن کو توسیع اس لئے دی جارہی ہے تاکہ پڑوسی ریاست کرناٹک سے کوئلہ گوا لایا جاسکے جبکہ دوسری طرف حکومت نے اِن قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا اور کہاکہ یہ احتجاج سیاسی محرکات پر مبنی ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ گوا کی کوکنی زبان (گوانیز بھی بولی جاتی ہے) میں احتجاجی اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا ’’گوینت کولسونکا‘‘ (گوا میں کوئلہ نہیں چاہئے)۔ تمام احتجاجی یہاں کے موضع چندور میں جمع ہوئے جو یہاں سے 50 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ احتجاج کا آغاز صبح گیارہ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں بشمول اپوزیشن کانگریس، گوا فارورڈ پارٹی اور عام آدمی پارٹی کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن میں توسیع سے بھگوان مہاویر وائلڈ لائف سنکچوری اور ایک نیشنل پارک درختوں کے کاٹے جانے سے شدید طور پر متاثر ہوں گے۔