پنجی: گوا کی کابینہ نے مہجی بس (میری بس) اسکیم کو منظوری دے دی ہے تاکہ دور دراز کے علاقوں اور شہروں کو جوڑنے والی سرکاری کدمبا ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ کی خدمات کو فروغ دینے کے لیے خانگی بسوں کو کرایہ پر لینے کا راستہ ہموارکیا جائے۔ساونت نے کہا ہم نے مہجی بس اسکیم کے تحت خانگی بسوں کو کرایہ پر لینے کی منظوری دی ہے۔ خانگی بسوں کو کنٹریکٹ پر لیا جائے گا۔ فی الحال چار روٹس کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ان چار روٹس پر چلنے والی یہ تمام بسیں اب اس اسکیم کے تحت آئیں گی۔ یہ خانگی بسیں ساحلی ریاست کی بس ٹرانسپورٹ کو مضبوط کرنے کے لیے کنٹراکٹ کی بنیاد پر سرکاری کدمبا ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے تحت آئیں گی۔ پرمود ساونت نے حال ہی میں کہا تھا کہ حکومت جلد ہی ساحلی ریاست میں سیاحوں اور تیسری شفٹ میں کام کرنے والوں کے لیے رات کی بس سروس شروع کرے گی۔ ریاست میں رات 8 بجے کے بعد کوئی بس نہیں ہے۔ ہم نقصانات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن رات کے وقت بس ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے کی ضرورت ہے۔