گوا کے نو منتخب تقریباً تمام ارکان اسمبلی کروڑ پتی

   

29 کیخلاف مجرمانہ معاملے‘ اے ڈی آر اور گوا الیکشن واچ کا تجزیہ
پاناجی:گوا کی 40 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 20 نشستیں حاصل کر کے حکومت سازی کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ اس درمیان گوا اسمبلی کے تعلق سے کچھ حیران کرنے والے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منتخب اراکین اسمبلی میں سے 40 فیصد کے خلاف مجرمانہ معاملے درج ہیں، جب کہ 33 فیصد کے خلاف سنگین نوعیت کے مجرمانہ معاملے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، 40 میں سے صرف ایک رکن اسمبلی ایسا ہے جو کروڑپتی نہیں ہے۔ اگر سبھی 40 اراکین اسمبلی کی ملکیت کا اوسط نکالا جائے تو 20.16 کروڑ روپے بنتے ہیں۔یہ ڈاٹا اے ڈی آر (ایسو سی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس) اور گوا الیکشن واچ کے ذریعہ گوا 2022 اسمبلی انتخاب میں جیتنے والے سبھی 40 امیدواروں کی طرف سے داخل حلف ناموں کا تجزیہ کرنے کے بعد پیش کیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کم از کم 21 یعنی 53 فیصد لیڈروں کے پاس گریجویشن اور اس سے اوپر کی ڈگری ہے۔مجرمانہ مقدمات پر غور کریں تو 2022 میں کامیاب 40 امیدواروں میں سے 16 امیدواروں (40 فیصد) نے اپنے خلاف مجرمانہ معاملوں کی بات قبول کی ہے۔ 2017 میں 9 (23 فیصد) اراکین اسمبلی نے مجرمانہ معاملے کی بات کہی تھی۔ 13 (33 فیصد) فاتح امیدواروں نے اپنے خلاف سنگین مجرمانہ معاملے کی جانکاری دی ہے۔