گوتم گمبھیر فاونڈیشن پر دوا کی ذخیرہ اندوزی کا الزام

   

نئی دہلی :بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق ہندوستانی کرکٹر گوتم گمبھیر مشکات کا شکار ہوگئے ہیں۔ دراصل ’گوتم گمبھیر فاونڈیشن‘ کو ’فیبی فلو‘ دوا کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کا قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ ڈرگ کنٹرولر باڈی نے دہلی ہائی کورٹ سے کہا ہے کہ گوتم گمبھیر فاونڈیشن کو کورونا مریضوں کو غلط طریقے سے فیبی فلو دوا دینے اور اس کی ذحیرہ خوری کا مرتکب پایا گیا ہے۔ ڈرگ کنٹرولر کی جانب سے پیش وکیل نندیتا راو نے کہا کہ فاونڈیشن نے ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کے تحت جرم کیا ہے کیونکہ انھیں ناجائز طریقے سے دوا کا اسٹاک کرتے ہوئے پایا گیا ہے۔ڈرگ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ اب بلاتاخیر گوتم گمبھیر فاونڈیشن اور دوا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہ کہ 31 مئی کو دہلی ہائی کورٹ نے گوتم گمبھیر کے ذریعہ کووڈ کے علاج میں کام آنے والی دوا فیبی فلو بڑی مقدار میں خریدے جانے کی جانچ نہیں کرنے کے لیے ڈرگ کنٹرولر کی سرزنش کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ مددگار کی صورت میں دکھانے کے لیے حالات کا فائدہ اٹھانے کی لوگوں کی روش کی سخت مذمت ہونی چاہیے۔