گجرات ایس آئی ٹی کی خصوصی عدالت کا فیصلہ
احمدآباد ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک خصوصی ایس آئی ٹی عدالت گجرات نے آج ایک شخص کو 2002ء گودھرا ٹرین آتشزنی واقعہ میں مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزاء سنائی۔ ایس آئی ٹی جج ایچ سی ووہرا کی خصوصی عدالت یعقوب پٹالیہ کو اس کے اقبالی بیانات کی بنیاد پر مجرم قرار دیا۔ قبل ازیں اسی مقدمہ کے پانچ دیگر ملزمین کو سزاء سنائی جاچکی ہے۔ پٹالیہ کو گودھرا پولیس نے جنوری 2018ء میں گرفتار کیا تھا۔ تقریباً 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس واقعہ میں 59 کارسیوک زندہ جل گئے تھے۔ سابرمتی ایکسپریس کے دو ڈبے راکھ کا ڈھیر ہوگئے تھے۔ یہ مقدمہ خصوصی عدالت میں سابرمتی سنٹرل ایکسپریس کو آتشزنی کے سلسلہ میں سماعت کیلئے پیش کیا گیا تھا۔ ملزم ایک ہجوم کا حصہ تھا جس نے ڈبوں کو آگ لگائی تھی۔ 27 فبروری 2002ء کے آتشزنی کے اس واردات میں 59 کارسیوک زندہ جل کر ہلاک ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ریاست گیر فرقہ وارانہ فسادات شروع ہوگئے تھے۔ قبل ازیں ایس آئی ٹی عدالت نے 31 افراد کو اس مقدمہ میں یکم ؍ جنوری 2011ء کو مجرم قرار دیا تھا۔ بعدازاں ان میں سے 11 کو سزائے موت اور عمر قید کی دیگر 20 افراد کو سزاء سنائی گئی تھی۔ تاہم گجرات ہائیکورٹ نے اکٹوبر 2017ء میں 11 افراد کی سزائے موت کو سزائے عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔