نئی دہلی : سپریم کورٹ گودھرا ٹرین آتشزدگی کیس میں گجرات ہائی کورٹ حکم نامہ کے خلاف ریاستی حکومت اور کئی مجرمین کی جانب سے داخل کردہ اپیلوں کی قطعی سماعت 13 فروری کو کرے گا۔ یہ واقعہ 2002 کا ہے۔ قطعی سماعت کی تاریخ کے بارے میں التواء کی مزید درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس اروند کمار کی بنچ نے فریقوں کو کہا کہ تمام عدالتی ریکارڈس کا گجراتی سے انگریزی میں ترجمہ کرائیں اور اسے ڈیجیٹل شکل میں تمام فریقین کو فراہم کریں۔ گجرات حکومت نے بھی علیحدہ اپیلیں داخل کرتے ہوئے بعض ملزمین کی سزائے موت کو ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے گھٹانے کے جواز کو چیالنج کیا ہے۔