گورنرس کے ذریعہ غیربی جے پی حکومتوں کو گرانے کی سازش: اروند کجریوال

   

بی جے پی کو شکست دینے کیلئے عوام متحد ہوجائیں
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت گورنرس کے ذریعہ غیر بی جے پی حکومتوں کے خلاف سازش کررہی ہے۔ کھمم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اروند کجریوال نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے مقرر کردہ گورنرس عوامی منتخب حکومتوں کے خلاف سیاست کررہے ہیں۔ چیف منسٹرس کیلئے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی گورنرس کے ذریعہ حکومتوںکو ہراساں کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں دہلی سے گورنرس پر دباؤ ہے۔ ٹاملناڈو، دہلی، تلنگانہ اور کیرالا کے گورنرس کی سرگرمیوں سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ گورنرس حکومت کے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال بعد بھی ملک کی پسماندگی برقرار ہے۔ ہمارے بعد آزادی حاصل کرنے والے سنگاپور نے ہم سے زیادہ ترقی کی۔ ملک میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔ کجریوال نے عوام سے اپیل کی کہ 2024 عام انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہاں کی اسکیمات پر دیگر ریاستوں میں عمل آوری ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کی روشنی پروگرام پر پنجاب اور دہلی میں عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے دہلی میں قائم کردہ محلہ کلینک کا حوالہ دیا اور کہا کہ کے سی آر نے اس سے متاثر ہوکر بستی دواخانوں کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے بی جے پی کو بھارتیہ جملہ پارٹی قرار دیا اور کہا کہ ملک کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹرمپ کی اہلیہ نے گورنمنٹ اسکول دیکھنے کی خواہش کی تو انہیں کجریوال والا اسکول دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خریدی کے ذریعہ غیر بی جے پی حکومتوں کو غیر مستحکم کیا جارہا ہے۔ر